اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا اقلیتی کمیشن بنانے کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں اور وڈیوز حقائق پر مبنی نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا اقلیتوں کے کمیشن کی تشکیل کا بل ختم ہوچکا ہے لہٰذاا کمیشن بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، یہ بل اچانک آنے کا تاثر بالکل غلط ہے، بل سپریم کورٹ کے 2015ء کے فیصلے کے نتیجے میں تیار ہوا تھا، سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے یہ کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا یہ بل پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے دور میں تیار ہوا تھا، یہ بل دو سال سے زائد عرصہ قومی اسمبلی اور مختلف کمیٹیوں میں زیرغور رہا، کمیشن کو اسلامی نظریاتی کونسل کے برابر ادارے کے طورپر کھڑا کرنے کا تاثر بھی درست نہیں، اقلیتوں کے لئے یہ کمیشن بھی بچوں، انسانی حقوق کے لئے بننے والے کمشنز کی طرز پر تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا یہ بات بھی درست نہیں کہ اس میں ایسی اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی جو اپنی شناخت مخفی رکھنا چاہتی ہیں، مجوزہ کمیشن میں دو راسخ العقیدہ مسلمان نمائندے شامل کرنے کی تجویز تھی، مسلمان نمائندے شامل کرنے کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔