انسداد دہشتگردی فنڈز کے آڈٹ کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کو خط لکھ دیا

Published On 25 August,2023 05:48 pm

پشاور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی فنڈز کے آڈٹ کیلئے خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزرات خزانہ آڈٹ کرانےکیلئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو ٹیم بھجوانے کی درخواست کرے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم شہبازشریف نے صوبہ کو ملنے والے 415 ارب روپے کے سپیشل آڈٹ کا حکم دیا تھا، ٹیم تحقیقات کرے اب تک دہشتگردی کے خلاف جنگ کی مد میں کتنے پیسے ملے؟۔

دستاویز کے مطابق مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹیم محکمہ داخلہ، پولیس کے اخراجات میں اضافے کا دیگرمحکموں سے موازنہ کرے، آڈٹ ٹیم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے اخراجات معلوم کرے، ٹیم وصول شدہ رقم کے اخراجات کے اثرات کی بھی کھوج لگائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آڈٹ ٹیم انسداد دہشتگردی کےمنصوبوں اور خرچ ہونے والی رقم کا پتہ لگائے، خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کےخلاف جنگ کی مد میں سالانہ قابل تقسیم محاصل کا ایک فیصد ملتا ہے۔

واضح رہے کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ کی مد میں 415 ارب روپے کے فنڈز پی ٹی آئی دور حکومت میں کے پی کو ملے تھے۔