اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریاست مخالف عناصر کی مالی معاونت کے کیس میں سابق ایم این اے علی وزیر کی تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کے اخراج کی درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریاست مخالف عناصر کی مالی معاونت کے کیس میں سابق ایم این اے علی وزیر کی تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کے اخراج کی درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی ، کیس کو علی وزیر کی پہلے سے زیر سماعت درخواست کے ساتھ یکجا کردیا گیا۔
وکیل درخواست گزار ایڈوکیٹ عطاء اللہ کنڈی عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ علی وزیر کی پہلے ہی ایک اور ایف آئی آر کے اخراج کی درخواست زیر سماعت ہے، علی وزیر کی دہشتگردی کے مقدمے میں اخراج کی درخواست 30 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر ہے، صغری بی بی کیس کے فیصلے کے بعد ایک ہی جرم کی ایک سے زائد ایف آئی آر غیر قانونی ہے۔
عدالت نے درخواست پہلے سے زیر سماعت کیس کے ساتھ یکجا کرتے ہوئے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔