اسلام آباد : (دنیانیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جیل میں جانے سے کیسے بچایا جائے ،اس حوالے سے ن لیگ کی قانونی ٹیم نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی طرف سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی، نواز شریف کی طرف سے ان کے وکلا کی جانب سے درخواستیں آئندہ 48 گھنٹے میں دائر کئے جانے کا امکان ہے ۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ دونوں ریفرنسز میں نواز شریف کی درخواستوں کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا، آج رات یا کل صبح تک مختلف قانونی نکات پر غور کے بعد درخواستوں کا مسودہ فائنل کیا جائیگا ۔
سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے نواز شریف کو دس سال قید اور 80لاکھ پاؤنڈ کی سزا سنائی تھی جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو سات سال قید کی سزا سنائی ۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال کیلئے عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نوازشریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے۔