کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہو نہ ہو الیکشن پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، تیر پر مہر لگا کر صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت بھی بنائیں گے، پہلی بار وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی تینوں جیالے ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم شہر اور پورے پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے، کراچی کےعوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، ہم کھیلوں کےمیدان آباد کریں گے، نوجوانوں کو ووکیشنل ٹریننگ بھی دلوائیں گے، مہنگائی، بےروزگاری عروج پر ہے، جب عوامی حکومت ہوگی تو نوجوانوں کو روزگار دلوائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نام نہاد سیاسی مخالفین اکٹھے بھی ہوجائیں ہمیں شکست نہیں دے سکتے: بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ہر ضلع میں کھیل کے میدان بنائیں گے، جلد الیکشن کمپین میں آپ لوگوں سےملاقات ہو گی، ٹکٹوں کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، امیدواروں کی شارٹ لسٹ بنائی جارہی ہے، جب تک حلقہ بندیاں مکمل نہیں ہوتیں تب تک امیدواروں کا اعلان نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کسی بھی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، پاکستان کے عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ کیا، 18 اکتوبر کو کارساز پر ہمارے کارکنوں کو شہید کیا گیا، شہادتوں، لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کے باوجود ہم جیتے۔
انہوں نے کہا کہ کارکن لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات نہ کریں، لیول پلیئنگ فیلڈ ہو یا نہ ہو ہم جیتیں گے، مسائل تو ہر صوبے میں موجود ہیں، الزام تراشی اگر کریں گے تو پھر کام ہی نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سے اتحاد: ثابت ہوگیا ایم کیو ایم کراچی کی سیاست کا مردہ گھوڑا ہے: سعید غنی
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وسائل کم ہونے کے باوجود پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کر رہے ہیں، ہم نے مسائل حل کر کے کراچی کے شہریوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔
بلاول بھٹو نے ن لیگی رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا رابطہ عوام سے ہے، (ن) لیگ کا سلیکشن کمیٹی سے رابطہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم، (ن) لیگ اتحاد کا نقصان ان دونوں جماعتوں کو ہو گا، جب (ن) لیگ کا ووٹ کوعزت دو کا بیانیہ تھا ساتھ چل رہے تھے، جب سے (ن) لیگ کا بیانیہ تبدیل ہوا ساتھ چلنا مشکل ہو رہا ہے۔