فیصل آباد: (بلال احمد) عربی رسم الخط کی ترویج کے لیے فیصل آباد آرٹس کونسل میں کیلیگرافی اور مصوری کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جہاں شہر بھر سے آئے نوجوان آرٹسٹوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
تفصیلات کے مطابق مصوری کے فن میں دکھائے گئے مہارت کے جوہر دنیا کے سامنے لانے کے لیے فیصل آباد آرٹس کونسل میں نوجوان نسل کو موقع ملا تو شاہکار نمائش میں لے آئے۔
کینوس پر عربی رسم الخط کے ذریعے کی گئی اسلامک کیلی گرافی ایسی شاندار کہ دیکھنے والے بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے اور فن پاروں کو خوب پذیرائی بخشی۔
نمائش میں خط کوفی، خط ثلث، خط نستعلیق اور خط دیوانی کے ساتھ ساتھ عربی پیٹرن کے کٹ آؤٹ، کنٹیمپریری آرٹ اور تخیلاتی رموز و اوقاف کو بھی فن خطاطی کے ذریعے بیان کیا گیا، شاندار فن پارے تیار کرنے والے نوجوان آرٹسٹ بھی اپنے کام کو دوام ملنے پر خوش نظر آئے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ نمائش کا مقصد مصوری کے ہنر کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس سے جڑے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔
نمائش میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں خصوصی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔