لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سسٹر زیف نے ملاقات کی، شہبازشریف نے سسٹر زیف کو 2023ء کا گلوبل ٹیچر کا انعام جیتنے پر مبارک دی اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے سسٹر زیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ جیسی بیٹی پر فخر ہے، پاکستان کی ترقی کا راز تعلیم میں ہے، نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرکے ہی پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے، بچوں اور بچیوں کی تعلیم، انہیں ہنر مند بنانا نوازشریف کی قیادت میں ن لیگ کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔
— PMLN (@pmln_org) November 19, 2023
سابق وزیراعظم نے سسٹر زیف کی شاندار کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے دعوت دی تھی، ملاقات میں سکول نہ جانے والے بچوں، فروغ تعلیم اور تدریس کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سسٹر زیف نے شہباز شریف کی تعلیم اور ترقی کے لئے خدمات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ آپ نے فروغ تعلیم کے لئے پنجاب انڈاؤمنٹ فنڈ، دانش سکول، تعلیمی وظائف، ای بکس، آئی ٹی اور لیپ ٹاپ سکیمز کے ذریعے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، آپ کی حوصلہ افزائی سے مزید جذبے سے قوم کی خدمت کروں گی۔
پاکستان کی سسٹر زیف کو 8 نومبر کو پیرس میں یونیسکو کی جنرل کانفرنس میں تقریب میں 2023ء کا گلوبل ٹیچر پرائز دیا گیا تھا، ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما شزا فاطمہ خواجہ اور رومینہ خورشید عالم بھی موجود تھیں۔