اسلام آباد : (دنیانیوز) جے یو آئی ف اور ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے دن بڑھانے کا مطالبہ کردیا گیا ۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پرانتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا، سیاسی جماعتوں نے قومی اور صوبائی سطح پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی کیلئے تین دن کا اضافہ کیا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے وقت کو 7 دن سے کم کر کے چار دن کیا جاسکتا ہے، سکروٹنی کا وقت کم کرنے سے پولنگ 8 فروری کو کرانا ممکن ہوگا، جے یو آئی کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں۔
خط میں کہا گیا کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول کے اندر ردوبدل کرسکتا ہے ، کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ جے یو آئی کیلئے بطور سیاسی جماعت باعث اطمینان ہوگا، کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں کے چناؤ میں آسانی ہوگی۔
ادھر ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں اضافہ کیا جائے، الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی تین دن تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانا ایک طویل مرحلہ ہےاس کیلئے تین دن کافی نہیں ہیں ۔