کراچی: (رطابہ عروس) موسمیاتی تبدیلیاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان پر بھی اثر انداز ہوئیں، سال 2023 میں بھی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان شدید متاثر ہوا ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث کراچی رواں سال معمول کی بارشوں سے تقریباً محروم ہی رہا، اگست ستمبر کا مون سون سیزن بالکل خشک گزرا، تاہم جولائی میں ضلع وسطی میں بارشوں کے کچھ سپیل ہوئے۔
ملک بھر میں بارشیں معمول سے اوسطا ًچار فیصد زیادہ ہوئیں، سندھ کے مغربی علاقوں میں بھی باران رحمت جم کر برسی اور پڈ عیدن میں ایک ہی روز میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ بھی ٹوٹا، بیپر جوائے طوفان کے زیر اثر تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں بھی 200 سے 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
سال 2023 میں کراچی میں گرمی اور سردی کا دورانیہ بھی معمول سے کم رہا، 29، 30 ستمبر اور یکم اکتوبر سال کے گرم ترین دن ثابت ہوئے جب شہر کا پارہ 40 اعشاریہ 6 ڈگری تک جا پہنچا جبکہ 15 جنوری سال کا سرد ترین دن رہا جب پارہ 6 ڈگری تک گر گیا، مئی، جون اور جولائی میں شدید گرمی کی جگہ موسم خاصا خوشگوار رہا۔
بحیرہ عرب میں 2023 میں دو سمندری طوفان تشکیل پائے، 5 جون کو بننے والا طوفان بیپر جوائے خطے کی تاریخ کا طویل ترین سمندری طوفان ثابت ہوا جو 19 جون کو کراچی کے قریب سے گزرتا ہوا بھارتی شہر گجرات کے ساحل سے جا ٹکرایا جبکہ اکتوبر میں بننے والا دوسرا سمندری طوفان تیج کراچی سے دور یمن کے ساحلوں سے ٹکرایا۔
سال 2023 کے دوران 2 سورج اور 2 چاند گرہن بھی ہوئے، سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکا جبکہ چاند گرہن ملک میں جزوی طور پر دکھائی دیئے۔