پاکستان کا بھارت کو پھر امریکی محکمہ خارجہ کی نامزد فہرست سے خارج کرنے پر اظہار تشویش

Published On 08 January,2024 07:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے ہندوستان کو ایک بار پھر امریکی محکمہ خارجہ کی نامزد فہرست سے خارج کرنے پر اظہار تشویش کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمیں گہری تشویش ہے کہ مذہبی آزادی کے سب سے بڑے اور مسلسل خلاف ورزی کرنے والے ہندوستان کو ایک بار پھر امریکی محکمہ خارجہ کی نامزد فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے، بھارت کو نامزد فہرست سے خارج کرنا امریکن کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی واضح سفارشات کے مترادف ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کو نامزد فہرست سے خارج کرنا بین الاقوامی انسانی حقوق کے علمبرداروں کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے ساتھ بھارت کے ناروا سلوک کے بارے میں اٹھائے گئے عوامی خدشات کے مترادف ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ اس طرح کی امتیازی، یکطرفہ مشقیں نقصان دہ ہیں۔