کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کے 66 فیصد بچوں کو 9 ویں اور 11 ویں جماعت میں فیل کر دیا گیا، یہ بہت بڑا ظلم ہے، ظلم کے سامنے سب چپ کھڑے ہیں، آپ اپنی خاموشی کو توڑیں۔
لیاقت آباد کے صرافہ بازار کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ عوام کی بھلائی کیلئے ہر جگہ جانے کو تیار ہوں، گورنر ہاﺅس کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں، ہم نے گورنر ہاﺅس میں امید کی گھنٹی لگائی ہے اگر کہیں آپ کی سنوائی نہیں ہوئی ہے تو آپ مجھ سے رابطہ کریں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا ہے کہ مجھے آپ سب کے مسائل کا علم ہے، غریب دکان دار بڑی مشکل سے اپنا گزارا کر رہا ہے، سندھ بھر میں ہیلتھ انشورنس کے منصوبے کا جلد آغاز کیا جائے گا، سندھ واحد صوبہ ہے جس میں ابھی تک یہ سہولت مہیا نہیں کی گئی، انتخابات میں ایسے لوگوں کا انتخاب کریں جو آپ کے ساتھ ہوں۔