کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز پاکستان میں پائیدار تجارت اور سرمایہ کاری کا دیرینہ شراکت دار ہے، نیدرلینڈز کی کمپنیاں ڈیری اور پولٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کے شعبوں نے ڈچ ٹیکنالوجی سے بہت فائدہ اٹھایا ہے، نیدرلینڈز نے کیمیکل سٹوریج ٹرمینلز، ڈریجنگ اور بڑے جہازوں کیلئے ٹگنگ کے حل فراہم کیے ہیں۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ گزشتہ سال 40 ڈچ کمپنیوں نے ٹیکسپو 2023ء کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا، حالیہ برسوں میں ہالینڈ سے یہ سب سے بڑا تجارتی وفد ہے، نیدرلینڈز پھولوں کی کاشت کیلئے ایک پروڈیوسر اور تجارتی مرکز رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کر کے دنیا کو برآمد کر سکتا ہے، ہماری مصنوعات برانڈ ویلیو ہیں جسے فروغ دینے کی پالیسیاں مرتب کرنی ہیں، ہم ہالینڈ میں میڈ اِن پاکستان برانڈ کو مزید مضبوط کرنے کی اُمید رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہالینڈ کا تعلیمی نظام پاکستانی طلباء کیلئے توجہ کا مرکزبنتا جا رہا ہے، ہالینڈ کی طرح پاکستان بھی انسانی حقوق اور جمہوریت سمیت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے، ہالینڈ اور پاکستان کو آزادی اظہار، عدلیہ کی آزادی اور تمام مذہبی عقائد کے مساوی حقوق حاصل ہیں۔