نگران وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر حیدرآباد موٹرویزکی جلد تکمیل کیلئے وزیر اعظم کوخط

Published On 21 January,2024 12:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کےنام مراسلہ ارسال کردیا۔

خط میں سکھر حیدرآباد موٹرویز معاہدے کی جلد تکمیل کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ کا خط میں کہنا تھا کہ مضبوط سڑکوں کا جال تجارتی رابطے، ترقی وخوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

جسٹس(ر)مقبول باقر کا کہنا تھا کہ پشاورسے کراچی تک موٹرویزکا نیٹ ورک انتہائی اہمیت کا حامل اور گوادر بندرگاہوں کیلئے تجارتی راہداری کا ذریعہ ہے۔

خط میں کہا کہ ایم6 موٹروے چین، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو ملاتی ہے، پشاور کراچی موٹر ویز پی کے ایم منصوبے کی تمام اہم سڑکیں مکمل ہوچکی ہیں، سب سے اہم حصہ حیدرآباد،سکھرلنک ایم 6 ابھی تک نامکمل ہے، منصوبے پر پیشرفت نہ ہونا باعث تشویش ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزی ایک اعلیٰ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبے کیلئے اچھی نہیں ہے، چاہتا ہوں وفاقی حکومت متعلقہ حکام کو ایم 6 پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہدایت جاری کرے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ معاملے پر ذاتی دلچسپی لے کر منصوبے کی تکمیل کروائیں، پاکستان اور سندھ کے عوام کو محفوظ اور موثر کوریڈور منصوبے کی فراہمی ترجیح ہے۔