لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے جس کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی جبکہ موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے سمندری تک دھند کی وجہ سے ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 130 یا ٹوئٹر سے مدد لی جا سکتی ہے۔