لاہور: (دنیا نیوز) بالائی سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔
دھند کے باعث فلائٹ شیڈول درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، آج بھی مزید 19 پرواز منسوخ کرنا پڑ گئیں جبکہ 5 کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کویت سے آئی کویت ایئر ویز کی پرواز کے یو 205 اسلام آباد میں لینڈ نہ کر سکی جو کراچی میں اتار لی گئی۔
ابوظہبی سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 218 کی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی اسی طرح شارجہ سے اسلام آباد کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای آر 704 کا رخ بھی لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔
مدینہ اور دبئی سے ملتان کی پروازوں پی کے 716 اور پی کے 222 کی بھی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی۔
اسلام اباد سے العین کی پرواز پی کے 144، جدہ سے اسلام آباد کی پرواز ایس وی 722،اسلام آباد سے دوحہ کی پرواز پی کے 287، اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 161، لاہور سے دبئی کی پرواز ای آر 724 منسوخ کر دی گئی۔
اسلام آباد سے گلگت کی 2 پروازیں پی کے 601 اور 602، کراچی سے ملتان کی پروازیں پی کے 330، 331، کراچی سے لاہور کی پرواز ای آر 520، کراچی سے اسلام آباد کی پرواز ای آر 501 بھی اڑان نہ بھر سکی۔
شارجہ سے پشاور آنے جانے کی پروازیں پی کے 257، 258، پشاور سے دوحہ کی پرواز 286، پشاور سے ابوظہبی کی پرواز 118 اور پشاور سے دبئی کی پرواز 283 بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
فیصل آباد سے دبئی کی پرواز پی کے 224 اور سیالکوٹ سے شارجہ کی پرواز پی کے 210 بھی منسوخ شیڈول میں شامل ہے۔
موٹرویز بند
دوسری جانب موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک اور موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق موٹروے ایم 3 فیض پور سے سمندری اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کے لیے بند کی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے جس کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
سید عمران احمد نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 130 یا ٹوئٹر سے مدد لی جا سکتی ہے۔