چاغی: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ الیکشن جیت کر رخشان ڈویژن اور ضلع چاغی کو ترقی کا ایک ماڈل بناؤں گا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انتخابی مہم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے مجھے کامیابی دی تو بلوچستان اور رخشان ڈویژن میں کاروباری حلقوں کو فروغ دیا جائے گا، ہم سب کو ملکر بلوچستان اور اپنے ضلع کی ترقی کے لئے سوچنا چاہئے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترقی کاروبار کو فروغ دینے سے آتی ہے، میں حلقہ پی بی 32 سے آپ لوگوں کا امیدوار ہوں، مجھے کامیاب کرانا آپ عوام کی ذمہ داری ہے، اقتدار میں آنے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، آنے والے پانچ سال کے لئے آپ مجھے آزما لو مایوسی نہیں ہوگی۔
صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ آج میں اپنے حلقے کے تمام قبائلی عمائدین، کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا اور میری انتخابی مہم چلا رہے ہیں، بلوچستان اور ضلع چاغی میں کاروباری انویسٹر کو لانا ہے، لوگوں کو برسر روزگار کرنا ہے۔