لاہور:(دنیانیوز) رہنما پیپلزپارٹی اسلم گل نے کہا ہے کہ عطا تارڑ نے پیپلزپارٹی کے دفتر پر حملہ کرکے چھوٹی حرکت کی، بدمعاشی کا مطلب ہے تم ہار چکے ہو۔
رہنما پیپلز پارٹی اسلم گل کا کہنا تھا کہ ہمارے لاہور کے مرکزی دفتر پر عطا تارڑ نے جو دہشت گردی کی ہے انکی شکست عیاں ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ این اے127 پی پی 160 ہائی پروفائل حلقہ ہے یہاں دہشت گردی اور اغوا کا فوری نوٹس لیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لاہور پولیس اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہماری ایف آئی آر فوری درج ہونی چاہیے، 5گھنٹے گزرنے اور فون پراطلاع کے باوجود پولیس کا مناسب رد عمل سامنے نہیں آیا۔
اسلم گل کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کا کام فری اینڈ فیئر الیکشن کرانا ہے، چاہتے ہیں 8فروری آرام سے گزرے کیونکہ اس روز بلاول بھٹو زرداری کامیاب ہونگے تصادم ہمارے حق میں نہیں، یہ شکست خوردہ عناصر کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اتوار کو ایک بجے اجلاس میں اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، اس وقت بلاول بھٹو اور انکے امیدوار جیت رہے ہیں،عطا تارڑ کو اس کا جواب دیا جائے گا، انتخابی دفتر پی پی 160میں دہشت گردی کے واقعہ میں عطا تارڑ اور فہد نے300مسلح افراد کیساتھ حملہ کیا۔
اسلم گل کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کراچی سے ایم پی اے نوید جیوا کی گاڑی پر ن لیگ والوں نے توڑ پھوڑ کی، الیکشن کمیشن اور سی سی پی او لاہور کیا سوئے ہوئے ہیں، دس ورکرز کو اغوا کیا گیا، مسلح افراد نے آئی پیڈ اٹھایا اور سوشل میڈیا پر دکھایا ،عطا تارڑ الیکشن میں شکست دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں۔