وفاقی وزیر داخلہ کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

Published On 02 May,2024 10:20 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کراچی میں چینی قونصلیٹ پہنچے جہاں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے انکا خیرمقدم کیا، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور چینی قونصلیٹ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرداخلہ نے پاکستان خصوصاً کراچی میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے، چینی شہریوں کی آمدورفت کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے، دشمن پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، دشمن کی ایسی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔