بانی پی ٹی آئی دھمکیاں دیکر اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے: منظور وسان

Published On 14 May,2024 05:34 pm

خیرپور: (دنیا نیوز) پی پی پی رہنما منظور وسان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سوچتا ہے کہ دھمکیاں دیکر شاید اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو کنٹرول کرلے گا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔

پی پی پی رہنما منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فائدہ کے بجائے نقصان پہنچے گا، شیر افضل مروت اور بانی پی ٹی آئی کی نوراکشتی بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ہی ہورہی ہے، تھوڑے عرصے کے لئے مروت ایم این اے شپ سے استعفیٰ دے گا، پھر دوبارہ الیکٹ ہوکر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کام کرے گا۔

رہنما پی پی نے کہا کہ امید ہے اس بجٹ میں وفاق اور سندھ حکومت عوام کو ریلیف کے ساتھ تنخواہوں میں بھی اچھا اضافہ کرے گی، آج تک تو کسی بھی وزیراعظم نے اپنا وقت پورا نہیں کیا، شہبازشریف کا نصیب ہوسکتا ہے کہ پانچ سال پورے کرے۔

منظور وسان نے مزید کہا کہ جہاں اقلیت میں حکومتیں ہوتی ہیں ایسے فیصلے مانے جاتے ہیں، ن لیگ اقلیت میں ہے، وزارت خارجہ کسی بھی پارٹی کو دی جائے، بانی پی ٹی آئی محسوس کروانا چاہتے ہیں کہ وہ سعودی عرب کے خلاف نہیں، جو بھی سعودی عرب کے خلاف بولے گا اسے پارٹی سے نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ جب تک سعودی عرب بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ نہیں کرے گا تب تک یہ گالم گلوچ ہوگا۔