اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔
ابوظہبی پہنچنے پر نائب صدر، نائب وزیرِ اعظم و چیئرمین صدارتی دربار عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، استقبالیے میں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمزی، پاکستان میں اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی اور اعلیٰ پاکستانی و اماراتی حکام بھی شریک تھے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ وزیراعظم کا اپنے انتخاب کے بعد متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہوگا، وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔
وزیراعظم کی امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے، دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی دیگر اماراتی شخصیات، کاروباری شخصیات اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق شہباز شریف کا دورہ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیر جہتی دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔