پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ میں کارکردگی نہ دکھانے والے 2 سے 3 ممبران کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ممبران کو آخری وارننگ دے دی، جلد ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکردگی میں پیشرفت نہ دکھانے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کریں گے، عمران خان سے ملاقات میں پیشرفت کے بعد ممبران کو کابینہ سے ہٹایا جائے گا، پہلے مرحلے میں وارننگ جاری کی جائے گی، کارکردگی بہتر نہ ہونے پر فارغ کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ممبران سے اپنے اپنے محکمہ میں سو فیصد کارکردگی چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ممبران کے فارغ کرنے کے بعد کابینہ میں کون شامل ہوگا اس کا اختیار وزیر اعلیٰ اور عمران خان کے پاس ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کارکردگی نہ دکھانے والوں کے لئے زیروٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہیں۔