کوئٹہ: (دنیا نیوز) عدالت نے بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو گرا کر دوبارہ تعمیر کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی۔
درخواست سپریم کورٹ کے سابق صدر امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ میں دائر کی، درخواست میں اسمبلی کی عمارت کو گرا کر 5 ارب روپے کی لاگت سے دوبارہ تعمیر کے منصوبے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
بلوچستان ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں ثقافتی ورثے کی عکاس عمارت کو گرانے کے منصوبے کو آئین کی شقوں کے خلاف قرار دیا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ 5 ارب روپے کی خطیر رقم کے ضیاع کے مترادف ہوگا۔
چیف جسٹس محمد ہاشم کاکڑ اور جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل بینچ نے ابتدائی دلائل کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، عدالت نے درخواست کو باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔
درخواست میں وزیراعلیٰ بلوچستان، سپیکر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست کی آئندہ سماعت دو ہفتے بعد ہوگی۔