کوئٹہ: (ویب ڈیسک) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں جدید تقاضوں اور اپنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ڈیپارٹمنٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندو خیل نے بیوٹمز یونیورسٹی کے بارہویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں اور اپنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمیں کن ڈیپارٹمنٹس کو بند کرنا اور کن نئے ڈیپارٹمنٹس کو متعارف کروانا ہے۔
جعفر خان مندو خیل نے کہا کہ یہ دانشمندانہ اقدام نہ صرف ہماری ریلیوینسی میں اضافہ کرے گا بلکہ نئی تبدیلیوں کو اپناتے ہوئے اکیڈمی اور مارکیٹ کے درمیان ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا، گویا ہم مستقبل کی نئی راہیں متعین کرنے، سائنسی ترقی کی راہ پر گامزن ہونے اور اپنے مستقبل کے معماروں کو بااختیار بنانے کیلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عامر نواز رانا، صوبائی وزیرتعلیم راحیلہ حمید خان درانی، بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، صوبائی سیکرٹری تعلیم حفیظ طاہر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خصوصی ہدایت کی کہ بیوٹمز یونیورسٹی کے تمام سب کیمپسز میں زیر تعمیر عمارتوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور افرادی قوت کے استعداد کار میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔