سیہون: (دنیا نیوز) عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 773 ویں عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
سید عثمان مروندی المعروف حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ اور وزیر اوقاف سندھ ریاض شاہ نے درگاہ پر چادر چڑھا کر کیا اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔
پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین کی سیہون شریف آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عرس کے موقع پر سیہون شریف کی گلیوں اور محلوں میں دمادم مست قلندر کی صدائیں بلند ہیں، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر سندھ کی روایتی ثقافتی کھیل ملھ ملاکھڑا کے دلچسپ مقابلے بھی منعقد ہوں گے، رات شہباز آڈیٹوریم ہال میں سگھڑن جی کچہری اور محفل موسیقی کا پروگرام بھی منعقد ہوگا۔