حضرت امیر خسروؒ کا عرس: 178 پاکستانی زائرین کی مزار پر حاضری، ملک کیلئے دعائیں

Published On 17 April,2025 03:26 am

دہلی: (دنیا نیوز) حضرت امیر خسروؒ کے 721 ویں سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے 178 پاکستانی زائرین پر مشتمل قافلہ بھارت پہنچ گیا۔

زائرین نے دہلی میں واقع حضرت نظام الدین اولیاءؒ اور حضرت امیر خسروؒ کے مزارات پر حاضری دی اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

بھارت میں تعینات پاکستان کے ناظم الامور نے بھی زائرین کے ہمراہ درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ پر حاضری دی، اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین نے ناظم الامور اور زائرین کے قافلہ کے سربراہ کی روایتی دستار بندی کی جو عقیدت اور روحانی وابستگی کا مظہر ہے۔

ناظم الامور نے اپنے خطاب میں حضرت امیر خسروؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ برصغیر کے عظیم صوفی شاعر تھے جنہوں نے اسلامی روحانی اقدار کو مقامی تہذیب کے ساتھ ہم آہنگ کر کے محبت، رواداری اور ہم آہنگی کا پیغام عام کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خسروؒ کی تخلیق کردہ قوالی آج بھی دلوں کو جوڑنے اور روحانی سکون دینے کا ذریعہ ہے، پاکستانی زائرین کا یہ دورہ برصغیر کی صوفی روایات اور مشترکہ روحانی ورثے کی علامت ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو باہم جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔