اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جنگ چھڑ جانے کی بات نہیں کی لیکن خطرہ موجود ہے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انٹرویو میں میرے بیان کا غلط مطلب لیا جا رہا ہے، انٹرویو میں مجھ سے جنگ سے متعلق سوال ہوا تھا، میں نے کہا تھا اگلے دو تین دن اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن سے متعلق بھارت کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا، بھارت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے، ہماری غیر جانبدارانہ تحقیقات کی دعوت کا کوئی جواب نہیں آیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پرفوج کھڑی ہے، ہماری تینوں مسلح افواج تیار ہیں، ملک کے ہر انچ کا دفاع کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ انٹرنیشنل فورم پر بھارت پہلگام واقعے کی انویسٹی گیشن کرا لے، ہم پہلگام واقعے پر بھارت کے جھوٹ کو بےنقاب کرنا چاہتے ہیں۔