پاکستان اپنے پانی کے جائز حصے کے تحفظ کیلئے تمام مناسب اقدامات کرے گا: اسحاق ڈار

Published On 28 April,2025 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے پانی کے جائز حصے کے تحفظ کیلئے تمام مناسب اقدامات کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اقدام کا جائزہ لیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرائے قانون، آبی وسائل، اٹارنی جنرل، سینئر حکام اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے پانی کا حصہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ضمانت شدہ ہے، بھارت کا معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنا بین الاقوامی قانون اور خود معاہدے کی شقوں کے منافی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ علاقائی استحکام کے لئے نہایت اہم ہے، اس کی حرمت کو برقرار رکھنا ضروری ہے، دریائے سندھ کا پانی پاکستان کی 24 کروڑ آبادی کے لئے لائف لائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان معاہدے کے مکمل نفاذ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق اور عوام کی فلاح و بہبود کا تحفظ یقینی بنائے گا۔