9مئی کیسز میں پی ٹی آئی کے مزید اراکین اسمبلی نااہل ہو سکتے ہیں:عقیل ملک

Published On 31 May,2025 11:52 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرمملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ مئی کیسز میں پی ٹی آئی کے اور ایم این ایز اور ایم پی ایز نااہل ہوسکتےہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام  ٹونائٹ ود ثمرعباس  میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی نے پہلے بھی فائنل کال دی تھی، جس میں وہ ناکام ہوئے، پہلے بھی پی ٹی آئی قیادت اپنے ورکرز کو چھوڑ کر پتلی گلی سے نکل گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن لائنس بنانے میں بھی ناکام رہی، کیسے ممکن ہے کہ عمران خان جیل میں رہ کر تحریک کی نگرانی کریں گے،ہم نے اپوزیشن کو کبھی دیوارسےنہیں لگایا، وہ اپنے آپ کودیوارسےلگاتےہیں۔

وزیرمملکت برائے قانون وانصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ابھی بھی سپیکر کی مذاکراتی کمیٹی سےرابطہ کرسکتی ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے باربار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی، پی ٹی آئی ایک قدم اٹھائے گی تو کچھ قدم ہم بھی اٹھالیں گے۔

عقیل ملک کا مزید کہنا تھا کہ راناثنااللہ نے قانونی طورپربانی پی ٹی آئی کے جیل میں رہنے سے متعلق بات کی، 9مئی کیسز میں پی ٹی آئی کے اور ایم این ایز اور ایم پی ایز نااہل ہوسکتےہیں۔