سی پی این ای نے پریس فریڈم رپورٹ 25-2024 جاری کر دی

Published On 03 June,2025 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی پی این ای نے 25-2024 کی پریس فریڈم رپورٹ جاری کر دی۔

کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کی رپورٹ لانچ کی تقریب ہوئی، سی پی این ای نے پریس فریڈم رپورٹ کو شہید صحافیوں کے نام کر دیا۔

پریس فریڈیم رپورٹ ہر سال لانچ کی جاتی ہے، تقریب میں سینئر صحافیوں سمیت ہیومن رائٹس ایکٹویسٹس نے شرکت کی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان گلوبل پریس فریڈم انڈیکس 2024 میں دو درجے نیچے گرا، پاکستان گلوبل پریس فریڈم انڈیکس 2024 کے مطابق 152 ویں نمبر پر ہے، موجودہ اتحادی حکومت آزادی صحافت کو فروغ دینے میں ناکام رہی۔

پریس فریڈم رپورٹ کے مطابق موجودہ اتحادی حکومت نے پیکا 2025 کا قانون زیادہ سختی سے لاگو کیا، موجودہ حکومت نے 2016 سے زیادہ سخت قوانین پاس کئے، حکومت خصوصاً خیبر پختونخوا میں اشتہار کے بقایاجات کو لیٹ کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومت 25-2024 میں صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین پر کیسز بناتی رہی، بلوچستان میں کوئٹہ پریس کلب کو بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

اس موقع پر سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے کہا کہ سی پی این ہر سال یہ رپورٹ لانچ کرتا ہے، ہماری کمیٹی اس رپورٹ کو فائنل کرتی ہے۔

کاظم خان نے کہا کہ شہید صحافیوں کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ انصاف ہوگا، ہم اس رپورٹ کو شہید صحافیوں کے نام کرتے ہیں۔

صدر انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو پیکا قانون کو دوبارہ دیکھنا چاہیے، پیکا قانون میں ترمیم سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونی چاہئے۔

آئی ایف جے کے صدر نے کہا کہ کوئی بھی جمہوریت آزاد صحافت کے بغیر نامکمل ہے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں کو خطرات کا سامنا ہے، سی پی این ای اور پی ایف یو جے کی سپورٹ کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل آئی ایف جے نے کہا کہ حکومت پاکستان کو پیکا قانون میں ترامیم کرنے پر زور دیتے ہیں۔