پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں 7 سے 12 جون کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ ہے، گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ سٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے، عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور جانوروں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو گرمی کی لہر سے باخبر رکھا جائے، بچے صبح 10 سے شام پانچ کے اوقات میں براہ راست سورج میں نہ نکلیں، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔