جمہوریہ بیلاروس کے وزیر دفاع کی سیکرٹری دفاع سے ملاقات، سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

Published On 05 June,2025 05:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمہوریہ بیلاروس کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل وکٹر خرینن کی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد علی (ریٹائرڈ) سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں اطراف نے آپریشنز، انسداد دہشت گردی اور فوجیوں کی تربیت پر خصوصی زور دیا۔

ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا، دفاعی صنعتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

ترجمان کے مطابق دورہ کرنے والے وفد نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا، ملاقات میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا گیا۔

دونوں فریقین نے اسلام آباد اور منسک کے درمیان براہ راست فضائی روٹ کھولنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

فضائی روٹ کھولنے کا مقصد عوام سے عوام کے رابطوں، سفارتی روابط کو مضبوط بنانا اور دو طرفہ تجارت اور اقتصادی مواقع کو فروغ دینا ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں فریقین نے دفاعی تعلقات کی بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔