اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید الاضحیٰ کی چھٹیوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں عید تعطیلات اور آئندہ پورے ہفتے کے دوران شدید گرمی رہے گی، 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی، بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی، وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، میدانی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔