ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

Published On 07 June,2025 08:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، سنتِ ابراہیمی کی یاد میں لاکھوں مسلمان نماز عید ادا کرنے کے بعد قربانی میں مصروف ہیں۔

کراچی، لاہور ، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر علمائے کرام نے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ کی قربانی کی روح اور فلسفے پر روشنی ڈالی، نمازعید کی ادائیگی کے بعد عالم اسلام کی سربلندی، ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کیلئےدعائیں کی گئیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: صدر مملکت اور وزیراعظم کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد

عید کے اجتماعات کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے، حساس مقامات پر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جاتی رہی تاکہ شہری بلا خوف و خطر عبادات اور قربانی کی ادائیگی کر سکیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد لاکھوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں، قربانی کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔

قربانی کے بعد کوئی گوشت بانٹنے میں مصروف تو کوئی قصائی کا منتظر ہے، پروفیشنل قصابوں کے ریٹ گزشتہ سال کی نسبت دوگنا ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہوں کی عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد

دوسری جانب قربانی کے بعد خواتین نے کچن کا محاذ سنبھال لیا، بچوں اور بڑوں کی فرمائش پر من پسند مٹن قورمہ، مٹن بریانی اور بیف پلاؤ کی تیاریاں کی جانے لگیں۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو کھانے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گوشت ضرور کھائیں ، مگر ہاتھ ہولا رکھیں۔

علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف اور صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے اہل وطن کو عیدالاضحیٰ کی خوشیاں مبارک ہوں۔