کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر افسوسناک حادثہ میں 6 مسافر جھلس کر جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اندرون شہر چلنے والی مزدا بس اور پیٹرول سے بھرے لوڈنگ رکشے میں تصادم کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مزدا بس نواں سے ہزار گنجی جا رہی تھی کہ راستے میں پیٹرول سے لوڈ رکشے سے ٹکرا گئی، ٹکر کے فوراً بعد رکشے میں موجود پٹرول نے آگ پکڑ لی، جس نے پوری بس کو لپیٹ میں لے لیا۔
واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کرزخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، فائر بریگیڈ نے بس میں لگی آگ پر قابو پا لیا جبکہ پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، تحقیقات کے نتائج پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
شاہد بلوچ نے بتایا کہ حکومت کو شدید دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کے علاج اور سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے، متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔