لکی مروت: (دنیا نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی بنوں نے تھانہ لکی سٹی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی گاؤں حرامہ تالہ کے قریب بھٹنی نہر کچی سڑک پر کی گئی، دہشت گردوں سے مقابلہ تقریاً 25 منٹ تک جاری رہا۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں وسیم اللہ بھی شامل ہے جبکہ قدرت اللہ بھی مارا گیا، دونوں گنڈی خان خیل لکی مروت کے رہائشی ہیں۔
حکام نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد ہجرت اللہ عرف ہجرت حرام تالہ گمبیلا لکی مروت کا رہائشی ہے، تینوں دہشت گرد ایل ایچ سی وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور سپاہی ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 4 دستی بم، کلاشنکوف، کارتوس اور 2 موبائل فون برآمد ہوئے، تینوں دہشت گرد بم دھماکوں، پولیس پرحملوں اور دیگر جرائم میں مطلوب تھے۔