نارووال:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا ہےکہ امت مسلمہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ منافرت پیدا کرنے والوں کو ناکام بنائے
اپنے آبائی حلقے نارووال میں کا یوم عاشورہ کے جلوس کا وزٹ کرتے ہوئے احسن اقبال نے سکیورٹی امور کا جائزہ لیا، ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم عاشورہ عالم اسلام کے لئے بہت مقدس دن ہے، نواسہ رسول ﷺنے اصولوں، نظریات اور حق سچ کے لئے قربانی دے کر ایک عظیم مثال قائم کی، اس دن کا پیغام ہے حق سچ کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہ کریں۔
وفاقی وزیر پلاننگ ڈویلپمنٹ کا کہنا تھا کہ آج امت مسلمہ کو جو چیلنجز درپیش ہیں ان کا تقاضا ہے ہم حضرت امام حسین ؓ کی اس مثال سے سبق حاصل کریں اور اپنی صفوں کے اندر اتحاد قائم کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ان خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے جو امت مسلمہ میں انتشار پیدا کر کے ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں، امت مسلمہ اتحاد یکجہتی کے ساتھ انہیں اور منافرت پیدا کرنے والوں کو ناکام بنائے، انہیں موقع نہ دیں کہ ہماری صفوں میں انتشار پیدا کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام مسالک کے لوگ یوم عاشورہ پر اکٹھے ہیں، ہم تمام پاکستانی ایک ہیں، ہم انشاءاللہ پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔