ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں: رانا تنویر حسین

Published On 12 July,2025 06:14 pm

شیخوپورہ:(دنیا نیوز)وفاقی وزیررانا تنویر حسین ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

اپنے آبائی علاقے شیخوپورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، عوام کو سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، ایک بارپھر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک کو ڈیفالٹ سےبچایا، پی ٹی آئی کےدورمیں دوست ملکوں سےتعلقات کوخراب کیا گیا، بھارت آج سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر عوام کا سرفخر سے بلند ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

راناتنویرحسین نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت کوشدید نقصان پہنچا، ملکی زرمبادلہ کےذخائر20ارب ڈالرکی سطح پر پہنچ چکے ہیں، پاکستان سٹاک ایکسچینج آج ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نےملک میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔