پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا کی حکومت نے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ باغ میں ممکنہ آپریشن کی تیاری مکمل کرلی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق تیراہ باغ میدان سے 94 ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا، متاثرہ افراد کے لئے کھانے، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے پی ڈی ایم اے کو ذمہ داری تفویض کی گئی۔
دستاویز کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ طور پر نقل مکانی کرنے والے 17 ہزار خاندانوں کے لئے کیمپ قائم کرنے کی ذمہ داری متعلقہ محکموں کے سپرد کی گئی، متاثرہ افراد کو ماہانہ 20 ہزار روپے کا الائونس دینا بھی زیر غور ہے۔
دستاویز کے مطابق آپریشن کے اختتام پر فی خاندان کو واپسی کے وقت 35 ہزار روپے دیے جائیں گے، حکومت نے 2 ارب روپے جاری کرنے کے لیے محکمہ خزانہ کو ہدایات کر دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے پی ڈی ایم اے کو خط لکھا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں 7 یونین کونسلوں کے 8 ہزار سے زائد افراد کی نقل مکانی کیلئے انتظامات کئے جائیں۔