کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے کولپور کے قریب جعفر ایکسپریس کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد جعفر ایکسپریس کو احتیاطی طور پر کولپور سٹیشن پر روک لیا گیا، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کلیئرنس ملنے کے بعد منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔
ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت ایک پائلٹ انجن سبی تک چلایا جاتا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا اندازہ لگایا جا سکے، یہی پائلٹ انجن فائرنگ کا نشانہ بنا۔
فائرنگ کی نوعیت اور ذمہ داران کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ریلوے پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اس سے قبل بھی ریلوے ٹریکس اور ٹرینوں پر حملے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، حال ہی میں جعفر ایکسپریس کو باقاعدہ حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا اور مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے بھرپور آپریشن کیا تھا اور حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا تھا۔