کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے عبد الرشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان سندھ رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل بنچ کے روبرو جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے عبد الرشید کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سابق ایم پی اے پر مدعی مقدمہ کی جانب سے تشدد کیا گیا، سابق ایم پی اے کیخلاف ہی مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ کے مطابق آپ نے ہسپتال میں جاکر ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ وہاں کیا کرنے گئے تھے؟ درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سابق ایم پی اے طلبہ کے وظیفے کے مسئلے پر نرسنگ سکول گئے تھے، طلبہ نے وظیفے کی عدم ادائیگی پر سابق ایم پی اے سے رابطہ کیا تھا، سابق ایم پی اے پر تشدد کیا گیا، دانت بھی توڑ دیئے گئے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ملزم کا بیان ریکارڈ ہوا؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر ملزم کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا، مقدمے کے چالان میں بھی ملزم کا نام شامل ہے، ملزم پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے ملزم عبد الرشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔