کراچی: (حمزہ گیلانی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے نجکاری کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حکومت اکتوبر میں پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلے گی۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے نجکاری کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پی آئی اے میں دلچسپی لینے والی چار کمپنیاں مالی، قانونی سمیت دیگر معاملات کی جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں سہولت فراہم کرتے ہوئے 200 ارب کے قرضوں کو کم کر کے 150 ارب روپے کر دیا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے نئے جہازوں کی خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ بھی نجکاری پلان کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوی امید ہے پی آئی اے کا ہوائی روٹ جلد امریکا کیلئے بھی کھول دیا جائے گا، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ریزرو پرائس کو خفیہ رکھا جائیگا اور ایک دن قبل کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔
فاروق ستار نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ریزرو پرائس کو بتائے بغیر بولیاں وصول کر کے نجکاری کا فیصلہ ہوگا، پی آئی اے کی بولی لگانے والوں کو اس بار ہمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔