بھارت پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے لگا، برداشت نہیں کرینگے: دفتر خارجہ

Published On 11 August,2025 08:08 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) بھارت ایک بار پھر سفارتی آداب بھول گیا، نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

جبکہ ہائی کمیشن کے افسران سے زبردستی رہائشی گھر بھی خالی کروائے جارہے ہیں، انہیں پانی اور اخبارات کی فراہمی بھی روک دی گئی ہے، نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی سفارت کاروں اور فیملیز کے ویزوں کے اجرا میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے، بعض کیسز میں 17 ویزوں پر 4 سے 5 ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہائی کمیشن کے افسران سے زبردستی رہائشی گھر بھی خالی کروائے جارہے ہیں اور انہیں پانی اور اخبارات کی فراہمی بھی روک دی گئی ہے،پاکستان نے ان اقدامات کو ویانا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے معاملہ بھارتی حکومت کے ساتھ باضابطہ طور پر اٹھا لیا ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتی آداب اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔