پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارت جنگ بندی پر مجبور ہوا: وزیراعلیٰ سندھ

Published On 14 August,2025 01:25 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، پاک فوج نے ایسا جواب دیا جنگ بندی پر مجبور ہوگیا۔

نیشنل سٹیڈیم میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریب ہوئی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال آزادی کا دن مانتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال جشن آزادی کا مزا ہی اور ہے، بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، افواج پاکستان نے پوری قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا بھارت مجبور ہوگیا اور دنیا سے گڑگڑا کر جنگ بندی کی بات کرائی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان کی بحری ، زمینی اور فضائی افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، تین سے چار دن میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، بزنس کمیونٹی نے تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، بزنس کمیونٹی کا تقریب کے انعقاد کیلئے کردارادا کرنے پر شکر گزار ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کے محکمہ ثقافت نے تقریب کیلئے اہم کردار ادا کیا، آیئے ہم سب مل کر آج ایک عہد کریں کہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں گے، پاکستان چاہتا تو بھارت کو اہم اہداف کو نشانہ بناکر مزید بھاری نقصان پہنچا سکتا تھا مگر پاکستان امن پسند ملک ہے اس لئے جنگ بندی کو ترجیح دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی ہے، آپس میں بھائی چارگی اور محبت سے رہنے کا عہد کرنا ہے، اپنے ملک کی ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کرنا ہے، نیشنل سٹیڈیم میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔