وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی میں بدھ کو عام تعطیل کا اعلان

Published On 19 August,2025 11:28 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیرصدارت کراچی کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ ، سعید غنی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضیا الحسن لنجار، مخدوم محبوب الزمان، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ کراچی میں آج 12 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ 245 ملی میٹر بارش ہوئی، بارش کی صورتحال کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا۔

اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ اس وقت اہم شاہراہیں کسی حد تک کلیئر کردی گئی ہیں، نالے بارش کا پانی نکال رہے ہیں، صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بدھ کے روز عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ مزید بارش کا امکان ہے، عام تعطیل کی ہے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔