کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں پیپلزپارٹی کو بتا دیتے ہیں کراچی کیسے چلے گا۔
شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ، انتظامیہ اپنی ناکامی کو مانے کچرا نہیں اٹھایا گیا،نالوں سے کچرا اٹھا لیا جاتا تو 400ملی میٹر تک پانی کا نکاس ہو سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آپ کی کالونی ہے آپ نے اِس پر قبضہ کیا ہوا ہے، پہلی بارش نہیں سنبھلی اور کہتے ہیں اگلی بارش کے لیے تیار ہیں، کل کا پانی آج بھی کراچی کی سڑکوں پر جمع ہیں، بلدیاتی اداروں کے دعوے بھی بارش کے پانی میں بہہ گئے۔
رہنما ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ نے بارش کے دوران مختلف علاقوں کا دورہ کیا، کل سے سارا دن ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی شہر میں موجود رہے، وزیر اعلی سندھ، میئر سمیت پیپلزپارٹی کی تمام انتظامیہ غائب ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے ساتھ بیٹھ جائیں پیپلزپارٹی کو بتا دیتے ہیں کراچی کیسے چلے گا،17سال کی بدترین حکمرانی کل کی بارش میں سامنے آ گئی ، کم وبیش تمام علاقوں میں ایک جیسی صورتحال ہے،شہر قائد کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آنکھوں میں دُھول جھونکنا بند کریں، ہم تنقید نہیں پوسٹ کارڈ پیش کریں گے، شہر تو پہلےہی برباد ہو چکا ہے، بارش سے مزید صورتحال ابتر ہو گئی، ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں لوگوں میں گھروں میں ابھی بھی پانی کھڑا ہوا ہے۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ پیپلزپارٹی بتائے شہر میں اُس نے کون سی رین ایمرجنسی قائم کی ہے ، ہم نے الگ رہنے کا فیصلہ کر لیا تو کسی کی بچت نہیں ہو گی، میئر کراچی ملنے والے فنڈز کا حساب دیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بھی شہر سے غائب ہے، اُن کے ذہنوں پر صرف ایم کیو ایم سوار ہے، مطالبہ ہے کراچی کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔