کراچی کے متعدد علاقوں میں تاحال بجلی بند، کے الیکٹرک کے ایم ڈی کو طلب کرونگا: گورنر سندھ

Published On 21 August,2025 05:25 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے متعدد علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شہر کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی عدم فراہمی ہے، کے الیکٹرک کے ایم ڈی کو طلب کروں گا، آج بھی بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ سرجانی میں گھروں میں پانی بھرا ہوا ہے، لوگ چھتوں پر سو رہے ہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی ضرورت ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ سارا الزام موسمیاتی تبدیلی پر ڈال دیں، آتش بازی ٹیکس کے پیسوں سے نہیں کی، پی ٹی آئی والے الزامات لگاتے ہیں ٹکے کا کام نہیں کیا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ انہوں نے ، جن کے پاس کھانے کیلئے کچھ نہیں انہیں کھانا پہنچائیں گے، کسی کو رہنے کیلئے جگہ چاہئے تو رجسٹریشن کرائیں رہائش دیں گے، اندرون سندھ بھی بارشیں ہوئی ہیں، علاقے ڈوبے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیدر آباد، میر پور خاص میں بارش کا پانی جمع ہے اور بجلی بند ہے، آئندہ چند روز میں اندرون سندھ کا دورہ کروں گا۔