اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اللہ کے پاس دیر ہے، اندھیر نہیں، آج سپریم کورٹ نے 8 کیسز میں بانی کو ضمانت دے کر واضح کر دیا کہ یہ تمام کیسز ناجائز ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تمام کیسز بوگس اور سیاسی بنیادوں پر قائم ہیں، میں چیف جسٹس صاحب اور سپریم کورٹ کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم اپنے چیف جسٹس سے امید رکھتے ہیں کہ وہ تمام ماتحت عدالتوں کو بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرنے کی ہدایت دیں گے، بانی پی ٹی أئی اور لیڈرشپ کے خلاف تمام مقدمات بدنیتی پر مبنی اور سیاسی بنیادوں پر ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے جن اراکین کو سزا دے کر نااہل کیا گیا، ان سب کے کیسز ہائی کورٹ میں براہِ راست کارروائی کے ذریعے سنے جائیں، چیف جسٹس صاحب سے مطالبہ ہے کہ تمام کارروائیاں لائیو ہوں اور میرٹ کے مطابق فیصلے کئے جائیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عوام عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے، عدالتیں انصاف دیں گی تو لوگوں کا اعتماد بڑھے گا، ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں، ہم اپنی عدلیہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آزاد عدالتیں دیکھنا چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو یقین ہو کہ اسے انصاف ملے گا، ہم امید رکھتے ہیں کہ ججز انصاف کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ججز کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہوگی۔