مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان

Published On 23 August,2025 07:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخابات میں مل کر میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔

مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت انتخاب لڑنے پر اتفاق کر لیا ہے، اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کا وفد راجا پرویز اشرف کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان تفصیلی مشاورت ہوئی۔

(ن) لیگ کی جانب سے وفد میں حنیف عباسی اور طارق فضل چودھری شامل تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی راجا پرویز اشرف اور نیئر بخاری نے کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں ایک فارمولا طے پایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس حلقے میں عام انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا تھا، وہاں مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کی حمایت کرے گی جبکہ جن حلقوں میں (ن) لیگ دوسرے نمبر پر تھی، وہاں پیپلز پارٹی ان کی حمایت کرے گی۔

وفاقی وزیر اور (ن) لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ یہی فارمولا اس سے پہلے بھی ضمنی انتخابات میں کامیابی کے ساتھ اپنایا گیا تھا اور اب دوبارہ اسی پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں ایوان بالا، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں اور ضمنی انتخابات میں بھی مل کر کامیابی حاصل کریں گی۔

واضح رہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اس سے پہلے بھی کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں پنجاب میں اقتدار کی شراکت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی اور پارٹی کے تحفظات پیش کیے تھے، جس پر وزیراعظم نے ان تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومت کے ساتھ مل کر ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔