حماد اظہر کا این اے 129 سے الیکشن نہ لڑنے ، ارسلان ظہیر کو ٹکٹ دینے کا اعلان

Published On 25 August,2025 05:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے این اے 129 سے الیکشن نہ لڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے ارسلان ظہیر کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی انتخابی مہم کی انچارج میری ہمشیرہ ہوں گی۔

رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے میرے والد کی خالی ہونے والی نشست پر ان کے بھانجے چودھری ارسلان ظہیر کو الیکشن لڑایا جائے۔

حماد اظہر نے کہا کہ میرے لئے انتخابی مہم میں حصہ لینا ممکن نہیں اور نشست جیت کر حلف لینا بھی ممکن نہ ہو گا، ارسلان احمد تحریک انصاف دور میں لاہور فروٹ اور سبزی منڈی کمیٹی کے چیئرمین رہے اور ہونہار نوجوان ہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ چودھری ارسلان ظہیر نے میرے والد کی اور میری ماضی کی انتخابی مہم میں ہمارے ساتھ کام کیا اور انشاءاللہ باآسانی اس نشست پر کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ارسلان ظہیر کے والد 2020 میں کوویڈ سے انتقال کر گئے جس کے بعد میرے والد میاں اظہر مرحوم نے ان کی سرپرستی کی اور وہ انہیں اپنا دوسرا بیٹا تصور کرتے تھے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان پر 9 مئی کا کوئی جعلی مقدمہ بھی نہیں کیونکہ یہ اس روز ملک سے باہر تھے اور الیکشن جیتنے کے بعد جبری نااہلی کا بھی سوال پیدا نہیں ہوتا۔