پی ٹی آئی کا نااہل ارکان کی نشستوں پر بائیکاٹ، این اے 129 کا ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان

Published On 27 August,2025 11:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے نااہل ارکان کی نشستوں پر بائیکاٹ اور این اے 129 کا ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے سیاسی کمیٹی پر مکمل اعتماد کیا، سیاسی معاملات مزید مشاورت کے لیے سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ ٹرائل کی اڈیالہ جیل میں روزانہ سماعت پر گہری تشویش ہے، روزانہ سماعت سے ملزمان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے، روزانہ سماعت سے انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو گی۔

سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں نااہلی پانے والے ارکان کو پی ٹی آئی اپنا حقیقی نمائندہ سمجھتی ہے، ناحق سزائیں پانے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نااہل ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 پر انتخاب میں حصہ لیا جائے گا، میاں اظہر کی وفات کے بعد خالی نشست پر امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفے کا اعلان کرتے ہیں، ارکان اسمبلی کو سٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ اور رکنیت سے بھی فوری استعفوں کی ہدایت کی گئی ہے۔